![]() |
گورپت ونت پنن نے کہا: بھارت نے اگر پاکستان پر حملہ کیا تو یہ بھارت اور مودی کی آخری جنگ ہوگی۔ |
خالصتان لیڈر گورپت ونت سنگھ پنن کی بھارت کو کھلی دھمکی: "یہ بھارت اور مودی کی آخری جنگ ہوگی"
خالصتان تحریک کے اہم رہنما اور "سکھ فار جسٹس" تنظیم کے جنرل کونسل گورپت ونت سنگھ پنن نے ایک ویڈیو پیغام میں بھارت کو سخت وارننگ دی ہے کہ اگر اس نے پاکستان پر حملہ کیا تو یہ نہ صرف مودی بلکہ بھارت کے لیے بھی "آخری جنگ" ثابت ہوگی۔
پنن کا کہنا تھا کہ "اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا، تو بھارتی پنجاب آزادی حاصل کرلے گا۔ ہم پاکستانی فوج کے لیے لنگر لگائیں گے اور بھارتی فوج کا مقابلہ کریں گے۔"
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی پنجاب پاکستان کے ساتھ "ریڑھ کی ہڈی" کی طرح کھڑا ہوگا اور خالصتان کے لیے تحریک میں مزید تیزی آئے گی۔ انہوں نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ خالصتان ریفرنڈم کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائے۔
پنن نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بھارتی پنجاب کے فوجی علاقوں میں وال چاکنگ کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، جس میں سکھ جوانوں کو بھارت کے خلاف اور پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دیا گیا ہے۔
اس ویڈیو بیان کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان پہلے سے جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ یاد رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر میں حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اور عسکری سطح پر تناؤ بڑھ گیا ہے۔
اس سے قبل "سکھ فار جسٹس" کی طرف سے ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں پٹیالہ شہر کے فوجی علاقے میں "پاکستان-خالصتان زندہ باد" کے نعرے اور خالصتان کے جھنڈے دکھائے گئے تھے۔
پنن نے سکھ نوجوانوں کو بھارتی فوج میں بھرتی نہ ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ "مودی کی سیاست انہیں یتیم کر دے گی۔"