جہلم سے پکڑا گیا بھارتی فوجی! بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ بے نقاب"

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت پیش کیے، جس میں بھارتی فوج اور را ملوث پائے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کی پاکستان میں دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت پیش کیے، جس میں بھارتی فوج اور را ملوث پائے گئے۔




بھارت کی ریاستی دہشت گردی بے نقاب: ڈی جی آئی ایس پی آر کی دھماکہ خیز بریفنگ


ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک اہم میڈیا بریفنگ میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت قوم اور دنیا کے سامنے رکھ دیے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را" پاکستان میں دہشت گردی کو نہ صرف فروغ دے رہی ہے بلکہ مالی امداد، تربیت اور جدید آلات کے ذریعے اسے عملی جامہ بھی پہنا رہی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے مطابق، 25 اپریل کو جہلم سے ایک بھارتی دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے بھارتی ساختہ ڈرون اور بھاری مقدار میں رقم برآمد ہوئی۔ دہشت گرد کے تانے بانے بھارتی فوج سے بھی ملے، جہاں ایک صوبیدار سکھوندر سنگھ بطور سہولت کار کام کر رہا تھا۔ مزید انکشاف ہوا کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے نوشہرہ سے بھارتی فوج کا میجر سندیپ ورما نہ صرف دہشت گردوں کو مالی امداد دے رہا تھا بلکہ انہیں آن لائن تربیت بھی فراہم کر رہا تھا۔

بریفنگ کے دوران ایک ویڈیو اور آڈیو کالز پر مبنی ثبوت بھی پیش کیے گئے جن میں میجر سندیپ ورما دہشت گرد مجید کو پاکستان کے مختلف شہروں میں حملوں کے لیے ہدایات دے رہا ہے۔ اس نے اعتراف کیا کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنانا ان کا مقصد ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، مجید نے پاکستان میں اب تک 47 دہشت گرد کارروائیاں کی ہیں اور اس کے موبائل ڈیٹا کا فرانزک تجزیہ جاری ہے۔ واٹس ایپ چیٹس اور آڈیو کالز اس بات کا ثبوت ہیں کہ بھارت کس منظم انداز سے پاکستان میں بدامنی پھیلا رہا ہے۔

اس بریفنگ سے بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے، جہاں ایک ریاستی ادارہ پڑوسی ملک میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔