![]() |
کراچی میں آن لائن ٹیکسی سروسز کو ایک نظام کے تحت لانے کا منصوبہ، الیکٹرک ٹیکسی اور خواتین کے لیے پنک سکوٹر کی سہولت شامل |
کراچی میں آن لائن ٹیکسی سروسز کو ایک نظام کے تحت لانے کا فیصلہ، الیکٹرک ٹیکسی بھی جلد متعارف
سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ کراچی میں کام کرنے والی تمام آن لائن ٹیکسی سروسز کو جلد ایک مربوط اور جدید نظام کے تحت لایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کا مقصد عوام کو محفوظ، معیاری اور قانونی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
شرجیل میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ Careem، Yango اور دیگر آن لائن سروسز کو ایک چھت کے نیچے لایا جائے گا تاکہ کنٹرول اور سہولت دونوں ممکن ہو سکیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے بتایا کہ کراچی میں الیکٹرک ٹیکسی سروس متعارف کروانے کے لیے بھی کام جاری ہے جو نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائے گی بلکہ شہر کے ٹیکسی نظام میں بہتری بھی پیدا کرے گی۔
اجلاس میں شہریوں کو آسان اقساط پر EV ٹیکسی فراہم کرنے کے مختلف ماڈلز پر بھی غور کیا گیا۔ خواتین کے لیے مفت پنک اسکوٹرز کی فراہمی پر بھی تیزی سے کام ہو رہا ہے تاکہ انہیں بہتر ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
مزید برآں، وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ کراچی میں ڈبل ڈیکر بسیں جون تک پہنچ جائیں گی، اور جون کے آخر یا جولائی کے آغاز میں مزید نئی بسوں کی بڑی کھیپ متوقع ہے۔
نئے مالی سال کے بجٹ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز مختص کرنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ شہریوں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔