پاکستان نے بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا! جنگ کی گھنٹیاں بجنے لگیں؟

پاکستان نے ایل او سی پر بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا، کشیدگی میں اضافہ، جنگ کے بادل منڈلانے لگے۔



ایل او سی پر بھارتی ڈرون مار گرایا، پاک فوج کا فوری ردعمل

آزاد جموں و کشمیر (منوار سیکٹر) — پاکستان آرمی نے ایک مرتبہ پھر اپنی دفاعی صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایل او سی پر بھارتی جاسوس کواڈ کاپٹر کو مار گرایا۔ یہ ڈرون آزاد کشمیر کے بھمبر ضلع کے منوار سیکٹر میں پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔



ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی نیوز کے مطابق، بھارتی ڈرون کی اس خفیہ نگرانی کو پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنایا۔ سیکیورٹی ذرائع نے اس واقعے کو پاکستان آرمی کی "پیشہ ورانہ مہارت اور مکمل چوکسی" کا منہ بولتا ثبوت قرار دیا۔



یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ 22 اپریل کو پاہلگام میں ہونے والے ہولناک حملے کے بعد بھارت نے بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزامات لگائے، جنہیں اسلام آباد نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس حملے کی غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔



دوسری جانب بھارتی اور پاکستانی افواج کے درمیان گزشتہ پانچ راتوں سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق، اگر سیاسی اور عسکری سطح پر بیانات میں نرمی نہ آئی تو یہ صورتحال جلد سنگین رخ اختیار کر سکتی ہے۔




وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ "دو سے تین دن انتہائی نازک ہیں" اور پاکستان کسی بھی ممکنہ حملے کے لیے مکمل تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج نے حکومت کو بریفنگ دے دی ہے اور اس حوالے سے تزویراتی فیصلے بھی کر لیے گئے ہیں۔



کیا برصغیر ایک اور جنگ کے دہانے پر کھڑا ہے؟ حالات کی سنگینی نے دنیا کی نظریں پھر سے اسلام آباد اور نئی دہلی کی جانب مبذول کرا دی ہیں